Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

راشد لطیف نے شرجیل خان کی ممکنہ واپسی کی مخالفت کردی

اپ ڈیٹ 10 اپريل 2020 01:13pm

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے شرجیل خان کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں ممکنہ واپسی کی مخالفت کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک میں میچ فکسنگ کو باضابطہ جرم قرار دینے کیلئے قانون سازی میں پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرے۔

راشد لطیف نے کراچی میں میڈیا کے ساتھ آن لائن گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میچ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹرز کو سزا مکمل کرنے کے بعد صرف ڈومیسٹک کرکٹ کی اجازت دی جائے، پاکستان کی شرٹ پہننے کی دوبارہ اجازت دینا مناسب نہیں۔

سابق وکٹ کیپربیٹسمین کا کہنا تھا کہ اس حوالےسے ملکی قوانین میں ترمیم لانا ضروری ہے۔ دیگرممالک کی طرح پاکستان میں بھی اس معاملے پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز وقت کی ضرورت ہے لیکن فیصلہ دونوں بورڈز کا اختیار نہیں، یہ حکومتوں کا معاملہ ہے۔

راشد لطیف نےمزید کہا کہ قومی ٹیم میں شعیب ملک اورمحمد حفیظ کی جگہ کوکوئی خطرہ نہیں، رمیز راجا کی جاب پلیئرز پر بولنا ہے، وہ اپنا کام کر رہے ہیں، ملک اور حفیظ اپنے گیم پر فوکس کریں۔